دلیپ کمار ،آغا خان ،اڈوانی ، امیتابھ بچن کو پدم وبھوشن ، سیدنا محمد برہان الدین کو پدم شری

حیدرآباد ۔ /25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) شہنشاہ جذبات دلیپ کمار،
سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی ، فلم اسٹار امیتابھ بچن اور پرکاش سنگھ بادل کو ملک کے دوسرے باوقار سیول اعزاز پدم وبھوشن کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ مائیکرو سافٹ سربراہ بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملندا گیٹس کو پدم بھوشن کا اعلان کیا گیا ۔جملہ 9 پدم وبھوشن ،20 پدم بھوشن اور 75 پدم شری کا اعلان کیا گیا۔

نئی دہلی ۔ /25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی ، فلم اداکار امیتابھ بچن ، شہنشاہ جذبات دلیپ کمار اور چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل ان 9 شخصیتوں میں شامل ہیں جنہیں جاریہ سال ملک کے دوسرے باوقار سیول پدم وبھوشن کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ حکومت نے مختلف شعبہ حیات میں نمایاں کارنامہ انجام دینے والی معروف شخصیتوں کو اعزاز کیلئے منتخب کرنے کے عمل کو سیاسی زعفرانی رنگ دیا ہے ۔ 9 پدم وبھوشن ، 20 پدم بھوشن اور 75 پدم شری ایوارڈس حاصل کرنے والوں کی فہرست میں کئی مذہبی شخصیتیں شامل ہیں ۔ 17 خواتین ، اسی تعداد میں غیرملکی شہریوں ، این آر آئیز ، پی آئی اوز اور 4 کو بعد از مرگ ایوارڈس دیئے گئے ہیں ۔ مشہور وکیل کے کے وینو گوپال ، کرناٹک میں مشہور دھرم استھالہ جین مندر کے ڈی ویریندر ہیگڈے اور آغا خان پدم وبھوشن کی فہرست میں شامل ہیں ۔ فرقہ بواہیر داؤدی کے رہنما سیدنا محمد برہان الدین مرحوم کو پدم شری کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ مائیکرو سافٹ سربراہ بل گیٹس اور اہلیہ ملندا گیٹس کو پدم بھوشن کیلئے منتخب کیا گیا ۔ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی ، اسپورٹس شخصیت صبا انجم ، بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو ، خاتون کرکٹر متھالی راج کو پدم شری کیلئے منتخب کیا گیا ۔ بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہیوال اور باکسر وجیندر سنگھ جنہوں نے پدم ایوارڈس کی خواہش کی تھی ،نظر انداز کردیا گیا ۔ یہ ایوارڈس جاریہ سال تقریب کے دوران دیئے جائیں گے ۔ جرنلسٹ رجت شرما اور سواپن داس گپتا کے علاوہ نامور وکیل ہریش سالوے پدم بھوشن ایوارڈس کیلئے منتخب کئے جانے والے فہرست میں شامل ہیں ۔ کئی ہندو مذہبی قائدین بھی ایوارڈس کیلئے منتخبہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں ۔