دلیپ صاحب ہر نسل کیلئے تحریک کا مرکز: عامر خان

ممبئی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ ایکٹر عامر خان نے کہاکہ یوسف صاحب (دلیپ کمار) ہر نسل کے اداکاروں کے لئے تحریک کا مرکز رہے ہیں۔ دلیپ کمار کی سوانح حیات جو انگریزی زبان میں اُدے تارانیر کی جانب سے تحریر کی گئی ہے جس کا عنوان ہے ’’دی سب اسٹینس اینڈ دی شیڈو‘‘ ہے، کی رسم اجراء امیتابھ بچن اور عامر خان کے ہاتھوں انجام دی گئی۔ اس موقع پر عامر خان نے کہاکہ جب وہ دلیپ صاحب کی کوئی پرانی فلم دیکھتے ہیں تو اُن کی اداکاری دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ

جیسے ہم ’’اب تک اپنے آپ کو دریافت کرنے کے مرحلہ میں ہیں‘‘۔ اس رنگا رنگ تقریب میں دلیپ کمار اور سائرہ بانو نے اُن کے تمام قریبی فلمی رفقاء کو مدعو کیا تھا جن میں سب سے حیرت انگیز مہمان وجینتی مالا تھیں جنھوں نے دلیپ کمار کے ساتھ کئی ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔ اُن کے علاوہ دھرمیندر، جیتندر، مادھوری ڈکشٹ، سلیم خان، پرینکا چوپڑہ، کرن جوہر، پریم چوپڑہ، رتیش دیشمکھ اور ڈینی نے شرکت کی۔