ممبئی ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے مسٹر بھارت کہے جانے والے اور حب الوطنی پر ایک سے بڑھ کر ایک فلمیں بنانے والے منوج کمار نے کہا کہ وہ فی الحال ایک اسکرپٹ پڑھ رہے ہیں۔ اب تک انہوں نے جو کچھ پڑھا ہے وہ واقعتاً دلچسپ ہے۔ لہٰذا ایک دلچسپ فلم بنانے پر وہ ایک بار پھر غور کررہے ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ فلم کی اسکرپٹ کے مطابق ایک معمر کریکٹر کے گردکہانی گھومتی ہے۔ اگر دلیپ صاحب صد فیصد تندرست ہوتے تو وہ انہیں ضرور کاسٹ کرتے۔ یاد رہیکہ منوج کمار نے سب سے پہلے دلیپ کمار کے ساتھ فلم آدمی میں سائیڈ ہیرو کا رول ادا کیا تھا۔ اس فلم کیلئے پہلے فیروزخان کو کاسٹ کیا گیا تھا اس کے بعد دھرمیندر کے نام پر غور کیا گیا
لیکن آخر میں قرعہ منوج کمار کے نام نکلا۔ منوج کمار آج بھی آدمی کی شوٹنگ کا زمانہ نہیں بھولے۔ وہ دلیپ کمار کے زبردست مداح ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کا اصلی نام ہری کشن گو سوامی ہے لیکن دلیپ کمار کی پرانی فلم شبنم میں دلیپ کے کردار کا نام منوج تھا جس سے متاثر ہوکر انہوں نے اپنا فلمی نام منوج کمار رکھ لیا۔ جب انہوں نے کرانتی بنائی تو دلیپ کمار کو سب سے پہلے سائن کیا اور اس طرح دلیپ کمار کو اپنی ڈائریکشن میں کام کروانے کی بھی ان کی خواہش پوری ہوئی۔ کرانتی ایک ملٹی اسٹار فلم تھی جس میں دلیپ کمار کے علاوہ منوج کمار، ہیمامالنی، ششی کپور اور شتروگھن سنہا نے اہم رولز نبھائے تھے۔