نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین مجاہدین معاون بانی یٰسین بھٹکل کے ایک قریبی ساتھی نے مجسٹریٹ کے روبرو یہ اعتراف کیا ہیکہ اس نے گذشتہ سال فبروری میں دلسکھ نگر (حیدرآباد) میں بموں کی تنصیب کیلئے تنظیم کے ارکان کی رہنمائی کی تھی۔ یہ اعترافی بیان دفع 164 کے تحت گذشتہ سال اکٹوبر میں قلمبند کیا گیا جس میں اسداللہ اختر نے کہا کہ 21 فبروری 2013ء کو دلسکھ نگر علاقہ میں دو بم دھماکے اسی نے کروائے تھے اور انڈین مجاہدین کے بانی معاون ریاض بھٹکل کی ہدایت پر اس نے یہ کارروائی کی جو اس وقت پاکستان میں ہے۔
اسداللہ اختر کا یہ اعترافی بیان نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے دہلی کی عدالت میں پیش کیا۔ یٰسین بھٹکل، اختر اور دیگر دو مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف چارج شیٹ کے ساتھ ساتھ یہ اعترافی بیان بھی پیش کیا گیا ہے۔ اختر نے مجسٹریٹ کو بتایا کہ ڈسمبر 2012ء کو اس نے ریاض بھٹکل سے بات کی اور دونوں نے حیدرآباد میں کچھ کرنے کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ انہیں اسی ماہ بنگلور میں حوالہ کے ذریعہ رقم موصول ہوئی۔ اختر نے بتایا کہ گذشتہ سال جنوری میں دھماکو مادہ وصول ہوا جو ریاض بھٹکل نے بھیجا تھا اور اس کے بعد ہم نے دلسکھ نگر میں بم دھماکے کئے۔
18 فبروری 2013ء کو ہم نے دلسکھ نگر کے مقام کو قطعیت دینے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ہم وہاں تین سلسلہ وار دھماکے کرنا چاہتے تھے لیکن دھماکو مادے کی قلت کی وجہ سے ہم نے صرف دو دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔