نئی دہلی 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مجوزہ بھارت بند جس کی اپیل دلت تنظیموں نے ایس سی / ایس ٹی ایکٹ کے بارے میں سپریم کورٹ کی رولنگ پر بطور احتجاج 9 اگسٹ کو منانے کی اپیل کی ہے، اِسے منسوخ کردینا چاہئے کیونکہ مرکز نے اِس قانون کی بحالی کے لئے ترمیمی بل لانے کا فیصلہ کیا ہے، ایل جے پی لیڈر اور لوک سبھا ایم پی چراغ پاسوان نے آج یہ بات کہی۔ اُنھوں نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ اب کوئی وجہ نہیں کہ اِس بند کو منایا جائے اور سپریم کورٹ فیصلے پر احتجاج کیا جائے کیوں کہ حکومت نے ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ قانون سازی جلد از جلد متعارف کرتے ہوئے مباحث کے بعد آئندہ ہفتے کے اوائل منظور کی جاسکتی ہے۔ دلت گروپوں نے آل انڈیا امبیڈکر مہا سبھا کے بیانر تلے 9 اگسٹ کو بھارت بند منانے کی اپیل کی ہے تاکہ اپنے مطالبات پر زور دیا جاسکے۔ مرکز کے فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے پاسوان نے کہاکہ اُن کی پارٹی کو بھروسہ ہے کہ حکومت اِس بل کو پیش کرے گی کیوں کہ کوئی بھی دوبارہ بند نہیں چاہتا۔ اُنھوں نے اعادہ کیاکہ فاضل عدالت کے فیصلے کے خلاف دلتوں، ایس سی، ایس ٹی برادریوں میں ملک گیر سطح پر ناراضگی پیدا ہوئی اور ایسا اندیشہ ہوچلا تھا کہ 9 اگسٹ کو ایجی ٹیشن پھر ایک بار بدامنی کا موجب بن سکتا ہے۔