حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی واقعہ میں مرکز اور بنڈارو دتاتریہ کے خلاف الزامات مسترد
کنیا کماری (ٹاملناڈو) 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں ایک دلت ریسرچ اسکالر کی خودکشی کے مبینہ واقعہ پر کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کی ہنگامہ آرائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہاکہ یہ سیاسی پارٹیاں سیاسی مفاد پرستی کے لئے سستی سیاست پر اتر آئی ہیں۔ اس واقعہ کو استعمال کرتے ہوئے ان کا احتجاج سستی سیاست کا ثبوت ہے۔ انھوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس اور اپوزیشن پارٹیاں اس موقع سے فائدہ اُٹھا رہی ہیں اور سیاسی مفاد پرستی کا بدترین مظاہرہ کررہی ہیں۔ دلت طالب علم کی خودکشی کے واقعہ پر مرکز اور مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کے خلاف اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہاکہ مرکزی حکومت اور اس کے ساتھ ساتھ وزراء کا اس مبینہ خودکشی واقعہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بنڈارو دتاتریہ کو اس خودکشی کیس میں ملزم بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ طالب علم کے خودکشی نوٹ میں ایسا کوئی ذکر نہیں ہے۔ وینکیا نائیڈو نے دعویٰ کیاکہ جب یو پی اے حکومت اقتدار میں تھی، اس یونیورسٹی میں 8 طلباء نے خودکشی کی تھی اور اس وقت اس تعلق سے کسی نے بھی آواز نہیں اُٹھائی۔ اس موضوع پر کانگریس پارٹی بدنام کرنے، غلط معلومات فراہم کرنے، عوام کی توجہ ہٹانے، ترقی کو روکنے اور پارلیمنٹ میں خلل پیدا کرنے کی 5 ڈی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
کانگریس اپنی حرکتوں سے ملک کی ترقی کو درہم برہم کرنا چاہتی ہے۔ انھوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ منفی اور تباہ کن کردار ترک کردیں۔ اہم بلوں کی منظوری کے لئے حکومت کی مدد کرے۔ جی ایس ٹی اور رئیل اسٹیٹ بلوں کے بشمول کئی بل زیرالتواء ہیں۔ یہ بل اس ملک کی معاشی ترقی کے لئے زبردست ثابت ہوسکتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے آنے والے بجٹ سیشن میں بلوں کی منظوری کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہاکہ ساری دنیا ہندوستان کا رُخ کررہی ہے کیوں کہ ہندوستان کو ان ملکوں نے ایک مضبوط اور مؤثر سرمایہ کاری کی منزل سمجھا ہے۔ اس بات کی تصدیق ڈاؤس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے بڑے سی ای اوز نے بھی کی ہے۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ مرکزی حکومت نے انفراسٹرکچر، زراعت اور سماجی سکیورٹی کی خدمات میں سرمایہ کاری کے لئے اولین ترجیح دی ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہاکہ حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ وہ کسی کی بھی دلجوئی نہیں کرے گی بلکہ تمام کے لئے انصاف کے اصول پر کاربند ہے۔ بعدازاں وینکیا نائیڈو نے یہاں ویویکا نند راک میموریل کا دورہ کیا اور خراج پیش کیا۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سوامی ویویکانند نے ہماری تہذیب، ثقافت، میراث اور دھرم کو ساری دنیا میں پھیلایا ہے۔ اس دوران حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی دلت طالب علم کی خودکشی کے مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے جوابی الزام عائد کیاکہ بی جے پی اس واقعہ سے ذات پات کی سیاست کررہی ہے۔ روہت ویملا کے ساتھ کیا ہوا یہ ذات پات اور ظلم زیادتی نہیں ہے؟ کانگریس کی راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ کماری شلیجہ نے کہاکہ دونوں مرکزی وزراء وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ اور وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کو فوری برطرف کردیا جانا چاہئے۔