کے سی آر کو فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ، تلنگانہ لیبر پارٹی کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ لیبر پارٹی نے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے فی الفور اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے اور دلت طبقہ کے کسی قائد کو چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ پر کسی بی سی طبقہ کے قائد کو منتخب کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ صدر تلنگانہ لیبر پارٹی مسٹر جی رمیش نے پارٹی کے منعقدہ ریاستی سطح کے توسیعی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بات کہی اور بتایاکہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ دلت کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کریں گے اور وہ (کے سی آر) ریاست کے محافظ کے طور پر رہیں گے لہٰذا اپنے اس وعدہ کو پورا کرنے کے علاوہ مشن کاکتیہ پروگرام کو ’’سمسکا۔ سارلما‘‘ کے نام سے موسوم کرنے کا چیف منسٹر سے پرزور مطالبہ کیا۔ مسٹر رمیش نے کہا کہ حکومت کے فلاح و بہبودی پروگراموں میں پیش آنے والی مختلف بے قاعدگیوں و کرپشن پر شعبہ تعلیم، طب ملازمتوں و روزگار کے شعبوں میں عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں و نقصانات کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد کرنے کا پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں ریاست کے 31اضلاع میں یکم ؍ فبروری سے 31 یوم تک دورہ کرکے ضلع و منڈل اور گاؤں کی سطح پر اڈھاک کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ یکم ؍ فبروری سے سال بھر تمام اضلاع کے دورے کرتے ہوئے کانفرنسیں، گول میز کانفرنسوں اور سمیناروں کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے 8 اپریل 2018ء کو شہر حیدرآباد میں عظیم الشان پیمانے پر 30 لاکھ افراد کے ذریعہ ’’پرجا گرجنا‘‘ منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر نائب صدر تلنگانہ لیبر پارٹی جانکی راما راؤ، سمپت کمار گوڑ، آر وجئے شنکر، رمنا مورتی، وجئے کمار، جنرل سکریٹریز کے رامنادھم، گپتا، لکشمی نارائنا، تملاپلی لکشمی، شیکھر گوڑ، مرلیدھر، ڈاکٹر سری راملو، سریندر و دیگر بھی موجود تھے۔