مقتولہ کی بیوہ سے اظہار یگانگت ، حصول انصاف تک جدوجہد کا عزم ، بی ایل ایف وفد کا تیقن
حیدرآباد۔19ستمبر(سیاست نیوز) بہوجن لفٹ فرنٹ( بی ایل ایف) کے وفد نے مریال گوڑہ میںپیش آئے دلت نوجوان کے قتل میںملوث تمام خاطیوں کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔وفد جس میںسی پی آئی ایم تلنگانہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری ٹی ویرابھدرم‘ پروفیسر کانچہ ایلیا ‘ صدر مجلس بچائو تحریک و کنونیر بی ایل ایف مجید اللہ خان فرحت کے علاوہ دیگر شامل تھے نے متوفی پرانئے کی بیوہ امرتا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیںانصاف ملنے تک جدوجہد کو جاری رکھنے کا یقین دلایا۔کنونیر بی ایل ایف مجید اللہ خان نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میںفرقہ وارانہ فسادات اور طبقہ واری جھگڑوں پر قابو پانے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ تلنگانہ میںنہ تو مسلمان محفوظ ہیں اور نہ ہی دلتوں کا کوئی پرسان حال ہے۔انہوں نے کہاکہ فرضی انکاونٹر کے نام پر بے قصور مسلمانوں کو گولی مارنا اور ذات پات کے نام پسماندہ طبقات کے نوجوانوں کا بے رحمی سے قتل ریاست میںعام بات بن گئی ہے۔ انہو ںنے کہاکہ بہوجن لفٹ فرنٹ اس بات کو قطعی برداشت نہیںکریگا۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ تلنگانہ میں سیاسی انقلاب کے لیے دلت او رمسلمانوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہو ںنے مزیدکہاکہ موجودہ دور میںکوئی بھی سیاسی جماعت نہ تو مسلمانوں کو اپنانے کے لئے تیار ہے اور نہ ہی دلتوں کے ساتھ کسی قسم کا انصاف کے حق میں ہے ۔ جناب مجید اللہ خان نے کہاکہ دلتوں او رمسلمانوں کے سیاسی ‘ سماجی اور اقتصادی موقف کی بحالی کے مقصد سے بہوجن لفٹ فرنٹ کا قیام عمل میں لایاگیاہے۔