دلت لیڈر جتن رام مانجھی بہار کے نئے چیف منسٹر

پٹنہ ۔ 19 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں سیاسی بحران کو ختم کرتے ہوئے دلت لیڈر جتن رام مانجھی کو نیا چیف منسٹر منتخب کیا گیا ہے ۔ جنتادل (یو ) لیجسلیچر پارٹی کی متعدد اپیلوں کے باوجود نتیش کمار نے استعفیٰ کا فیصلہ واپس لینے سے انکار کیا ، جس کے بعد آج یہ فیصلہ کیا گیا۔ نتیش کمار نے راج بھون کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جتن رام مانجھی کی قیادت میں تشکیل حکومت کا گورنر ڈی وائی پاٹل کے روبرو دعویٰ کیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ 117 جنتادل ( یو ) ، دو آزاد اور ایک سی پی آئی رکن کی فہرست بھی پیش کی گئی ۔ جنتادل (یو) صدر شرد یادو اور ریاستی صدر بی نارائن سنگھ نے 68 سالہ جتن رام مانجھی کے نام کو منظوری دی۔ وہ نتیش کمار حکومت میں ایس سی و ایس ٹی وزیر تھے ۔ جب نتیش کمار سے مانجھی کو جانشین منتخب کرنے کی وجوہات پوچھی گئی تو انھوں نے کہا کہ وہ ایک تجربہ کار سیاستداں ہیں اور پارٹی کیلئے انھوں نے نمایاں کام انجام دیئے ہیں۔