مظفر نگر۔28 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) یہاں پیش آئے ایک شرمناک واقعہ میں پولیس نے ایک پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے خلاف ایک دلت خاتون کو جنسی ہراسانی کے الزامات میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ یہ واقعہ ضلع شاملی کے کروندا گاؤں میں پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق خاتون کے شوہر کی جانب سے کی گئی شکایت میں بتایا گیا کہ 38سالہ ہیڈ ماسٹر شوہر کی غیر موجودگی میں خاتون کے گھر میں گھس کر اسے کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے کی کوشش کی اور اسے ڈرایا دھمکایا ۔ بابری پولیس اسٹیشن ہاؤز آفیسر رویندرا گوتم نے کہا کہ ملزم کو پکڑنے کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور جلد ہی اسے گرفتار کرلیا جائے گا ۔
جان بوجھ کر گاڑی سے ہلاک کرنے پر 2افراد گرفتار
تھانے ۔ 28ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) یہاں پیش آئے ایک المناک واقعہ میں پولیس نے دو افراد بشمول ایک خاتون کو عمداً ایک شخص پر گاڑی چڑھا کر ہلاک کردینے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مقامی سیلون کے مالک 46سالہ رام جی چھترادھاری شرما صبح کے وقت آزاد نگر علاقہ میں چہل قدمی میں مصروف تھے ۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس سنیل لوکھانڈے نے آج بتایا کہ اس معاملہ میں مذکورہ ملزم کے خلاف موٹروہیکل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ تاہم ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آگئی ہے کہ یہ حادثہ جان بوجھ کر انجام دیا گیا ہے ۔ پولیس اس معاملہ میں مہلوک کے فون ڈاٹا کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاک حقائق کا پتہ چلایا جاسکے ۔