دلت بے گھر خاندانوں میں اراضی کی تقسیم

چیف منسٹر تلنگانہ 15 اگست کو کریم نگر میں آغاز کریں گے
حیدرآباد 28 جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت 15 اگست سے ریاست کے دلت بے گھر خاندانوں میں اراضی کی تقسیم کی اسکیم کا آغاز کرے گی۔ چیف منسٹر چندرا شیکھر راو کریم نگر ضلع میں اراضی کی تقسیم کا آغاز کریں گے ۔ اس اسکیم کے تحت دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے بے گھر اور غریب خاندانوں کو فی کس تین ایکر اراضی مختص کرنے کا منصوبہ ہے ۔ ایسے خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی جن کا مکمل انحصار زراعت پر ہے ۔ عہدیدار اراضی کی تقسیم کی تیاریوں کا بڑے پیمانے پر آغاز کرچکے ہیں اور فاضل اراضی کی نشاندہی کا کام جاری ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بموجب سرکاری کی تقسیم کے سلسلہ میں 460 مواضعات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں وزراء ،عوامی نمائندے اور عہدیدار اراضی کی تقسیم عمل میں لائیں گے ۔اراضی کی نشاندہی اور استفادہ کنندگان کے انتخاب کے سلسلہ میں اعلی سطحی طور پر عہدیداروں کے جائزہ اجلاس جاری ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھرراو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس اسکیم پر عمل آوری میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی بے قاعدگی کی صورت میں عہدیداروں کو بخشا نہیں جائے گا۔حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق متعلقہ ضلع کلکٹرس مختلف مواضعات سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں مصروف ہیں۔ سابق میں دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے غریب خاندانوں کیلئے شروع کردہ کئی اسکیمات میں بے قاعدگیاں پائی گئی اور دلتوں کے نام پر فرضی اور بوگس ناموں کو شامل کرتے ہوئے بھاری رقومات کا بیجا استعمال کیا گیا ۔حکومت نے طئے کیا ہے کہ گرام سبھا کی طرز پر ہر ضلع میں دلتوں کی سبھا منعقد کرتے ہوئے برسر عام غریب دلت خاندانوں کا انتخاب کیا جائے اور سارے گاوں والوں کی منظوری کے ساتھ ہی استفادہ کنندگان کے ناموں کا انتخاب ہو ۔زراعت پر انحصار کرنے والے خاندانوں کو اس اسکیم میں ترجیح دی جائیگی۔ضلع کلکٹرس تقسیم کی جانیو الی اراضی کی نشاندہی اور اس کے حصول کی کارروائیوں میں مصروف ہے ۔ حکومت نے ہدایت دی ہے کہ اگر کسی موضع میں اراضی دستیاب نہ ہوں تو حکام فاضل اراضی خرید کر اسے تقسیم کریں ۔ اراضیات کی تقسیم کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر فروخت کو روکنے کیلئے تمام تفصیلات آن لائن درج کی جائیں گی ۔ استفادہ کنندگان سے درمیانی افراد کے ربط اور غیر قانونی فروخت کو روکنے کیلئے بھی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔