دلتوں کے قتل کیس میں 33 مجرمین ، 12 کوعمر قید

نئی دہلی 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے 2010 ء میں پیش آئے مرچپور دلت قتل کیس میں 20 ملزمین کی برأت کے فیصلے کو آج کالعدم کردیا اور فیصلہ سنایا کہ درج فہرست طبقات کے خلاف مظالم کے واقعات آزادی کے 71 سال بعد بھی تھمے نہیں ہیں۔ ہائیکورٹ نے سماعتی عدالت کی جانب سے 13 ملزمین کو سزا دہی کے فیصلے کو برقرار بھی رکھا اور بعض ملزمین کی سزا بڑھادی۔ ایک 60 سالہ دلت شخص اور اُس کی جسمانی معذور بیٹی کو ہریانہ کے ضلع ہسار کے موضع مرچپور میں اپریل 2010 ء میں جاٹ برادری کے ارکان نے زندہ جلادیا تھا۔ آج کے فیصلے کے ساتھ 33 مجرمین کے منجملہ 12 کو عمر قید کی سزا ہوئی ہے۔ جسٹس ایس مرلی دھر اور جسٹس آئی ایس مہتا کی بنچ نے کہاکہ آزادی کے 71 سال بعد بھی ایس سی والوں کے خلاف غالب ذاتوں سے تعلق رکھنے والے افراد ظلم ڈھارہے ہیں۔