چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی کا خطاب
دربھنگہ ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے آج دلتوں سے کہا ہے کہ وہ باہمی اتحاد کے ذریعہ سماج میں اپنا مضبوط موقف بنائیں ۔ ضلع دربھگنہ میں دو روزہ دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم سب دلت ایک خاندان کے ہیں اور ایکدوسرے سے کوئی امتیاز نہ برتیں ۔ اگر دلت مہا دلت ۔ پسماندہ ، انتہائی پسماندہ ۔ اور پسماندہ مسلمان آپس میں متحد ہوجائیں تو سماج میں ہماری عزت اور وقار میں اضافہ ہوگا ۔ چیف منسٹر نے یہاں رام پٹی تولہ میں ایک مہا دلت کے مکان میں تناول طعام کے بعد مخاطب کرتے ہوئے دلتوں سے کہا کہ شراب نوشی ترک کردیں تاکہ ان کے خاندان ترقی کرسکیں ۔ انہوں نے اپنی آپ بیتی سناتے ہوئے کہا کہ میرے والد بھی شراب پیتے اور والدہ کو مار پیٹ کرتے تھے جس کے نتیجہ میں بھوکا پیاسہ اسکول چلا جاتا ۔ میں نے اپنے والد سے گذارش کی کہ وہ شراب نوشی ترک کردے اگر وہ مجھے اور میرے بھائی کو بحیثیت مزدور دیکھنا نہیں چاہتے ہیں ۔ جس پر انہوں نے عمل کیا ۔ میں چیف منسٹر اور میرا بھائی پولیس آفیسر بن گیا ۔ چیف منسٹر نے دربھگنہ میڈیکل کالج اور ہاسپٹل کی تعمیر و مرمت اور صاف صفائی کے علاوہ مریضوں کے بہترین علاج پر توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس موقع پر دربھگنہ اور سمستی پور میں صدر ہاسپٹل کی تعمیر کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019 تک ہر ایک گھر میں بیت الخلاء کی تعمیر کروائی جائے گی ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء شاہد علی خاں ، بیدیا ناتھ ساہنی اور دنجو گیتا ارکان اسمبلی و اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔۔