نئی دہلی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں حکومت نے ایس سی، ایس ٹی شہریوں کے خلاف رجسٹر کئے گئے جرائم کے کیسیس سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 2016ء میں شیڈول ٹرائب اور شیڈول کاسٹ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے خلاف 47,338 سے زیادہ جرائم کے واقعات درج کئے گئے ہیں۔ مملکتی وزیر برائے وزارت داخلہ ہنس راج گنگا رام آہیر نے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے ذریعہ موصول اعداد و شمار کے حوالے سے اس کی تصدیق کی ہے۔ ایک لکھے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ درج کئے گئے ان واقعات میں سے 70.3% معاملات میں چارج شیٹ فائل کی گئی ہے اور اس میں فیصد کن معاملات کا فیصد 25.8 ہے۔ ان کے مطابق 2016ء میں شیڈول ٹرائب کے خلاف مبینہ جرائم کے 6,564 واقعات درج کئے گئے جس میں سے 81.3% معاملات پر چارج شیٹ فائل کی گئی اور اس میں 20.8% معاملات کا حتمی فیصلہ کردیا گیا۔ مملکتی وزیر نے کہا کہ 1995ء کے شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب کے رول (V)3 کے تحت ایس سی ؍ ایس ٹی شہریوں پر وحشیانہ تشدد کو روکنے کیلئے ضرورت کے تحت صوبائی حکومت ہتھیاروں کا لائسنس بھی جاری کرسکتی ہے۔ پولیس اور ریاست کے دوسرے اعلیٰ حکام آئین ہند کے تحت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی ذمہ دار ہے اور نظم و نسق کو قائم کرنا سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ریاستی حکومت کی اہم ذمہ داریوں میں سے ہے۔