دفعہ 370 کی برخاستگی ، امیت شاہ کے دن کا خواب

دستوری دفعہ کشمیر اور ہندوستان کے درمیان ایک پل:محبوبہ مفتی
سرینگر۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کی سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے منگل کو کہا کہ بی جے پی کے صدر امیت شاہ اس ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے والی دستوری دفعہ 370 کی منسوخی کے بارے میں ’دن کا خواب‘ دیکھ رہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ دستور دفعہ اس ریاست کے عوام اور ہندوستان کے درمیان ایک پل کی اہمیت و حیثیت رکھتا ہے۔ پی ڈی پی کی سربراہ نے مزید کہا کہ ’امیت شاہ سے میں کہنا چاہتی ہوں کہ میں آپ اگر یہ سوچتے ہیں کہ دفعہ 370 کو کالعدم کردیا جائے تو یہ آپ کا دن کا خواب ہوگا‘۔ محبوبہ مفتی شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقہ ہانڈواڑہ میں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دستوری دفعہ اگر ہٹائی جاتی ہے تو ان کے بشمول قومی دھارے کے تمام سیاست دانوں کو مستقبل کی لائحہ عمل پر غور کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر آپ کو اس پل کو توڑ دیں گے تو محبوبہ مفتی جیسے اصل دھارے کے کئی قائدین جنہوں نے دستور ہند اور جموں و کشمیر کے دستور پر حلف لیا ہے، انہیں مستقبل میں لائحہ عمل پر دوبارہ غور کرنا ہوگا، کیونکہ ہم ہندوستانی پرچم تھامے ہوئے ہیں اور اگر آپ (دفعہ) 370کو ہاتھ بھی لگائیں تو پھر ہندوستانی پرچم اپنے ہاتھوں اور کندھوں پر نہیں رہے گا۔