سری نگر۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ان اندیشوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہ بی جے پی دفعہ 370 برخاست کردے گی، پارٹی نے کہا کہ وہ وہی کرے گی جو ریاست کے عوام چاہتے ہیں۔ دستور کی دفعہ 370 کے سلسلہ میں بھی عوام کی خواہشات پر عمل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم سے ہمارے ترجمان تک ہر ایک نے وضاحت کردی ہے، میں آپ کو تیقن دینا چاہتا ہوں کہ بی جے پی وہی کرے گی جو عوام کی خواہش ہوگی۔ پارٹی کے انچارج برائے اُمور جموں و کشمیر اویناش رائے کھنہ نے ایک پریس کانفرنس میں یہ تیقن دیا۔ وہ صدر نیشنل کانفرنس فاروق عبداللہ کے اس اندیشے پر ردعمل ظاہر کررہے تھے کہ بی جے پی ریاست کے خصوصی موقف کو جو دستور نے دفعہ 370 کے تحت عطا کیا ہے، اس دفعہ کو منسوخ کرنے کی ’مجرمانہ‘ کوشش کے ذریعہ ختم کرنا چاہتی ہے۔