دفعہ 370 قوم کا جموں و کشمیر کے عوام سے کیا گیا عہد : محبوبہ مفتی

سرینگر ۔ /4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کو خصوصی موقف کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے کہا کہ دفعہ 370 قوم کا جموں و کشمیر عوام سے کیا گیا عہد ہے جس کی پاسداری ہونی چاہئیے ۔ پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت کی قیادت کررہی محبوبہ مفتی نے یہ تبصرہ ایسے وقت کیا جبکہ سپریم کورٹ نے دفعہ 35A کو چیلنج کرنے دائر کردہ درخواستوں پر سماعت چار دن قبل دو ماہ کیلئے ملتوی کردی ۔اس دفعہ کے ذریعہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقل سکونت پذیر شہریوں کو خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’دفعہ 370 قوم کا جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کیا گیا عہد ہے جس کی بہرصورت پاسداری کی جانی چاہئیے ‘‘ٔ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے جغرافیائی محل وقوع کی اہمیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک قدیم روایتی راستوں کا احیاء کرسکتا ہے جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ہوگا ۔