نئی دہلی6اگست (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے جموں کشمیر سے متعلق آئین کے آرٹیکل 35 اے کی آئینی قانونی حیثیت کو چیلنج دینے والی درخواستوں کی سماعت 27 اگست تک کے لئے آج ملتوی کر دی۔چیف جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس اے ایم کھانولکر کی بنچ نے کہا کہ اس معاملہ کو آئینی بنچ کو سونپنے کے معاملہ کے تعین کے لئے تین رکنی بنچ تشکیل دینے کی ضرورت ہے ۔اسی درمیان مرکز اور جموں و کشمیر حکومت نے ریاست میں ہونے والے پنچایت انتخابات کے پیش نظر کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی کورٹ سے درخواست کی۔ جس کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ وہ اس کیس کے لئے تین رکنی بنچ تشکیل دیں گے ، جو 27 اگست کو یہ طے کرے گی کہ اس معاملہ کو آئینی بنچ کے پاس بھیجا جائے یا نہیں اور اگر بھیجا جائے تو اس کے کن کن آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے ۔