کے سی آر سے استعفیٰ کا مطالبہ ، پونم پربھاکر کی للکار
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : سابق رکن پارلیمنٹ کانگریس حلقہ کریم نگر مسٹر پونم پربھاکر نے ٹی آر ایس کی تلنگانہ حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر وہ کسانوں کو قرضہ جات کی اجرائی میں پہلوتہی کریگی تو وہ چیف منسٹر کے دفتر کے روبرو دھرنا منظم کرینگے ۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹی آر ایس قائدین اپنی کھوئی ہوئی اوقات کو بحال کرنے کیلئے غیر ضروری طور پر اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں جب کہ اپوزیشن جماعتیں حقیقی صورت حال کے پیش نظر متاثرین کے ساتھ انصاف رسانی کیلئے بھر پور تائید و حمایت کرتے ہوئے مطالبات کی تکمیل پر زور دے رہی ہیں ۔ اس پر ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین حقائق کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی کو بتایا کہ وہ چونکہ اقتدار پر فائز ہے ، تمام حقائق اور صورتحال سے واقف رہنا لازمی ہے اور وہ متاثرین کیلئے مددگار ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ چیف منسٹر کے عہدہ سے فوری مستعفی ہوجائیں ۔۔