5 جولائی کو منعقد شدنی دوبدو پروگرام کے انتظامات پر غور و خوص
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( دکن نیوز ) : مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی مجلس عاملہ کا اجلاس جمعرات 2 جولائی کو 4-30 بجے شام دفتر ایم ڈی ایف ، احاطہ روزنامہ سیاست پر مقرر ہے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف صدارت کریں گے ۔ اس خصوصی اجلاس میں 43 ویں دوبدو ملاقات پروگرام کو قطعیت دی جائے گی جو اتوار 5 جولائی ، خواجہ منشن فنکشن ہال ، بنجارہ ہلز روڈ ، مانصاحب ٹینک پر منعقد شدنی ہے ۔ ایم ڈی ایف کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں رکنیت سازی کی مہم کو تیز تر کرنے اور جنرل باڈی اجلاس کی تاریخ کو قطعیت دی جائے گی ۔ جنرل باڈی اجلاس میں ایم ڈی ایف کی تشکیل جدید کی جائے گی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے مسلمانوں کی سماجی ، تعلیمی اور معاشی ترقی کے سلسلہ میں مختلف اقدامات کئے جانے کا منصوبہ ہے جس کے لیے با صلاحیت قابل اور ملی و سماجی خدمت کا جذبہ رکھنے والی شخصیتوں کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں مرکزی حکومت نے اقلیتوں پر عائد کردہ سرٹیفیکٹ کے لزوم کی برخاستگی کا جو اعلان کیا ہے اس پر بھی غور و خوص کیا جائے گا ۔۔