شاداب بے دھڑک مدراسی ممتاز شاعر خصوصی مدعو
حیدرآباد 28 فروری (پریس نوٹ) مشاعرے ہندوستانی تہذیب و کلچر کا حصہ رہے ہیں۔ حیدرآبادی عوام مشاعروں کو ہمیشہ سے پسند کرتے آئے ہیں۔ باذوق شائقین منفرد انداز کے مشاعروں کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔ ان میں دکنی زبان کے مشاعروں کو اہمیت حاصل ہے۔ چنانچہ حیدرآبادی شائقین کے ادبی ذوق کو ملحوظ رکھتے ہوئے ادارہ سیاست نے دکنی مزاحیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا ہے جو یکم مارچ ہفتہ شام 7 بجے محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس پر منعقد ہوگا۔ طنز و مزاح سے بھرپور اس دکنی مزاحیہ مشاعرہ میں مقامی شعراء کے علاوہ مہمان شاعر کو بھی سنا جاسکتا ہے۔ شاداب بے دھڑک مدراسی اپنا تازہ مزاحیہ کلام پیش کریں گے۔ مقامی شعراء نریندر رائے، وحید پاشاہ قادری، عثمان علی عرشی، امیر نصرتی اور منور علی مختصر کے مزاحیہ کلام سے بھی محظوظ ہوا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ مزاحیہ فنکار شبیر خان، کے بی جانی اور شبن خان مزاحیہ شعراء کا منتخب کلام پیش کریں گے۔ مشاعرہ کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے۔ جناب افتخار شریف (یو ایس اے) ، الحاج محمد قمرالدین انجینئر انچیف و صدر تلنگانہ میناریٹیز ایمپلائز اسوسی ایشن اور جناب سلطان احمد سابق ایم ایل سی بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ کنوینر مشاعرہ خیرالدین بیگ جانی ہیں جبکہ مشاعرہ کی نظامت کی ذمہ داری منور علی مختصر کو سونپی گئی ہے۔ داخلہ کی عام اجازت ہے۔ آرگنائزر شبیر خان نے باذوق سامعین سے بپابندی وقت شرکت کی خواہش کی ہے۔