دفتر سیاست میں آج ’’شب قوالی آہنگ خسروی‘‘

حیدرآباد ۔ 23 جنوری (دکن نیوز) شہرہ آفاق پاکستانی قوال زماں برادران و ہمنوا حیدرآباد شہر میں پہلی مرتبہ ادارہ سیاست کے زیراہتمام جمعہ 24 جنوری کو 6 بجے شام محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست میں منعقد ہونے والے ’’شب قوالی آہنگ خسروی‘‘ میں نامور شعراء کا صوفیانہ کلام پیش کریں گے۔ پاکستان کے معروف قوال استاد رفیع الزماں خان مرحوم کے فرزندان شفیق الزماں تاجی اور محمد علی الزماں اپنے مخصوص انداز میں اردو، فارسی، پنجابی اور ہندی زبانوں کی گائیکی پر مشتمل اپنا خصوصی پروگرام پیش کرنے کا اعزاز حاصل کریں گے۔ کنوینر جناب خسرو پاشاہ نے بتایا کہ اس پروگرام میں حمد، نعت، منقبت کے علاوہ ٹھمری پیش کی جائے گی۔ شب قوالی کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے۔

مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ خاموش ؒ، حضرت مولانا محمد فیصل اللہ شاہ چشتی و نظامی نصیری سجادہ نشین بارگاہ حضرات یوسفین ؒ و جناب عابد رسول خان صدرنشین اقلیتی کمیشن حکومت آندھراپردیش اور جناب محمد قمرالدین سابق چیف انجینئر بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔ جناب عابد صدیقی قادری سابق ڈپٹی ڈائرکٹر دوردرشن نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ جناب احمد صدیقی مکیش آرگنائزر نے بازوق سامعین سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ داخلہ کی عام اجازت ہے۔