ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے، کمپیوٹر اور اسکرین پر پیامات ملاحظہ کرنے کی سہولت، وسیع تر انتظامات
حیدرآباد ۔ 9 اگست (دکن نیوز) سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام مسلمان لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے ضمن میں موزوں و من پسند رشتوں کے انتخاب کی مفت سہولت فراہم کرنے کیلئے 34 واں خصوصی دوبدو پروگرام اتوار 10 اگست 10 بجے دن محبوب حسین جگر ہال احاطہ دفتر روزنامہ سیاست عابڈز پر مقرر ہے جس میں لڑکوں و لڑکیوں کے والدین و سرپرست باہمی مشاورت و بات چیت کے ذریعہ رشتوں کا انتخاب کرسکیں گے۔ اس پروگرام میں صرف و صرف انجینئرنگ، گریجویٹس اور بی اے بی کام و بی ایس سی لڑکوں و لڑکیوں کے پیامات دستیاب رہیں گے۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ کئی والدین اور سرپرستوں کی خواہش پر اس نوعیت کا پروگرام پہلی مرتبہ منعقد کیا جارہا ہے۔ دوسرے زمروں کے پیامات شامل نہیں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے رجسٹریشن کا آغاز 10 بجے دن سے دفتر سیاست پر ہوگا جو 3 بجے تک جاری رہے گا۔ والدین و سرپرستوں سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ اپنے ساتھ دو عدد فوٹوز اور دو عدد بائیو ڈاٹاس لائیں۔ پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم کریں گے۔ پروگرام میں کمپیوٹرس اور اسکرین کی مدد سے پیامات کی تفصیلات اور فوٹوز کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔ دوبدو پروگرام کے سلسلہ میں آج دفتر ایم ڈی ایف (عابڈز) پر مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر ایوب حیدری، ایم اے قدیر، اقبال علی خان، محمد برکت علی، خواجہ معین الدین، انورالدین، احمد صدیقی مکیش، محمد نصراللہ خان، زاہد خان و دیگر نے شرکت کی۔ انجینئرنگ کیلئے چار کونسلرس اور گریجویٹس کے لئے پانچ کونسلرس نامزد کئے گئے۔ اس کے علاوہ لڑکے و لڑکیوں کے پیامات کے رجسٹریشن کے دو کاونٹرس قائم کئے جارہے ہیں جہاں سے رجسٹریشن کروانے کے بعد والدین کو رجسٹریشن کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی نگرانی میں پروگرام زیادہ سودمند اور کارآمد بنانے کیلئے وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ زاہد فاروقی کمپیوٹر سیکشن کے انچارج ہوں گے۔ پہلی مرتبہ دفتر سیاست کے احاطہ میں ایک اسکرین آویزاں کیا جارہا ہے جس پر رجسٹرڈ شدہ پیامات و فوٹوز کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔