دفتر خارجہ میں پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

پاکستانی فورسیس کی بلااشتعال فائرنگ ، 3 بچوں کی موت پر احتجاج

نئی دہلی۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں گزشتہ روز پاکستانی فورسیس کی بلااشتعال فائرنگ میں تین کمسن بچوں کی ہلاکت پر احتجاجی نوٹ حوالہ کیا۔ وزارت امور خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی سفارت کار سید حیدر شاہ کو جوائنٹ سیکریٹری و انچارج پاکستانی امور کی طرف سے دفتر امور خارجہ میں طلب کیا گیا اور مطلع کیا گیا کہ شہریوں کو اس طرح دانستہ نشانہ بنایا جانا قابل قبول نہیں ہے اور یہ اقدام انسانی ضوابط اور عوامل کے مغائر ہے‘‘۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پونچھ سیکٹر میں گزشتہ روز پاکستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی میں تین بچوں کی موت پر شدید احتجاج درج کروایا گیا۔
2003ء کے سمجھوتہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے ساتھ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فورسیس کی مسلسل بلااشتعال فائرنگ پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس وزارت نے کہا کہ 2017ء کے دوران پاکستانی فورسیس نے تاحال 503 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔