خواتین کی فوج کے لڑاکا شعبہ میں بھرتی : جنرل راوت
نئی دہلی ۔ 4جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سربراہ فوج جنرل بپن راوت نے دفاعی شراکت داری کے سرکاری نمونے کی منظوری دیتے ہوئے خانگی کمپنیوں کو دفاعی پیداوار میں شریک کرنے کی تجویز کو ایک بڑا اقدام قرار دیا ہے جس سے ہندوستان کی مسلح افواج کی جدید کاری ممکن ہے ۔ جنرل راوت نے کہا کہ نیا نمونہ توقع ہے کہ فوج کی جدید کاری کے منصوبہ کو تیز رفتار بنادے گا کیونکہ اس سے نئی ٹکنالوجیس آئیں گی اور بڑے پیمانے پر فوجی پیداوار پراجکٹس قائم ہوں گے ۔ دریں اثناء فوج نے ایک انقلابی اقدام کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ خواتین کو فوج کے جنگجوؤں کے شعبہ میں بھرتی کیا جائے گا اور اس طرح صنفی فرق و امتیاز کا خاتمہ کردیا جائے گا ۔ سربراہ فوج جنرل بپن راوت نے کہا کہ خواتین کو لڑاکا کردار ادا کرنے کی اجازت دینا جو فی الحال صرف مردوںکا کام سمجھا جاتا ہے تیزی سے پیشرفت کررہا ہے اور ابتداء میں خواتین کو ملٹری پولیس میں مقرر کیا جائے گا ۔