حیدرآباد 26اگست (یواین آئی ) آندھراپردیش کے ضلع نیلور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ستیش ریڈی جن کو کابینہ کی تقرری کی کمیٹی نے گزشتہ روز سکریٹری ڈپارٹمنٹ آف ڈیفینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (ڈی ڈی آر اینڈڈی)اور صدرنشین ڈیفینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آرڈی او)مقرر کیا ہے ،کہا کہ دفاع کے شعبہ میں مزید تجربات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے ایک تلگو چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بیرونی دفاعی آلا ت پر انحصار کم کیاجائے اور ملک میں ہی دفاعی آلات تیار کئے جائیں جوہندوستانی فوج کے لئے فائدہ مند ہوں ،اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سالوں میں مزید تجربات کئے جائیں گے اور مزید نئے دفاعی آلات بنائے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی آر ڈی او میں کام کرتے ہوئے وہ ملک میں ہی تجربہ کرتے ہوئے دیسی فوجی آلات کی تیاری کی کوشش کر رہے ہیں۔ہمیں کن شعبہ جات میں تجربات کی ضرورت ہے ، اس کی نشاندہی کرتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔مختلف دفاعی شعبہ جات میں تجربات کرتے ہوئے ان شعبہ جات میں دیسی اشیا کی تیاری کا کام کرنا چاہئے تاکہ ہمارے ملک کی معیشت مزیدبہتر ہوسکے ۔انہوں نے ڈی آرڈی او چیرمین کے طورپر اپنے انتخاب پروزیراعظم نریندر مودی ،وزیردفاع نرملاسیتارامن کا شکریہ ادا کیا۔