دعوت افطار میں شرکت، جمہوریت بچاؤ یاترا جاری
حیدرآباد ۔ 23۔ مئی (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور افطار کی دعوتوں سے قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوتا ہے ۔ بھٹی وکرمارکا محبوب نگر میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کر رہے تھے، جمہوریت بچاؤ یاترا کے حصہ کے طور پر بھٹی وکرمارکا محبوب نگر کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام مذاہب کو باہم شیر و شکر رکھنے کے لئے کانگریس پارٹی نے ہمیشہ مساعی کی ہے ۔ قومی یکجہتی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں کانگریس کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم پر اٹوٹ ایقان رکھنے والی کانگریس پارٹی نے فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے ہر سال دعوت افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ تمام مذاہب کو قریب کیا جاسکے۔ انہوں نے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی اور اپیل کی کہ رمضان المبارک کے دوران ملک میں امن و امان اور بھائی چارہ کیلئے خصوصی دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیکولر حکومت کی ضرورت ہے تاکہ تمام طبقات کی یکساں ترقی ممکن ہوسکے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری این پی وینکٹیش نے اس دعوت افطار کا اہتمام کیا تھا۔ ضلع کانگریس کے صدر عبید اللہ کوتوال ، سابق وزیر جی چنا ریڈی ، سابق رکن اسمبلی ملو روی ، سابق رکن اسمبلی ومشی چندر ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔