دعوتوں میں بچ جانے والے کھانے کی تقسیم کیلئے پانچ لاکھ روپئے عطیہ

حیدرآباد، 12؍ ستمبر (یواین آئی) محمد فاروق حسین ایم ایل سی نے دعوتوں میں بچ جانے والے فاضل کھانے اور مستعملہ ملبوسات و ادویات جمع کرنے اور تقسیم کرنے کے نیٹ ورک کے لئے رضا کارانہ تنظیم تلنگانہ سیوک کواپنے فنڈ سے پانچ لاکھ روپئے عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے پرائم فنکشن ہال ملے پلی میں تنظیم تلنگانہ سیوک کا افتتاح انجام دیتے ہوئے متمول افراد کو مشورہ دیا کہ وہ دعوتوں میں اسراف سے بچیں اور ضرورت سے بڑھ کر کھانا نہ پکائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش اور رائل سیما میں دعوتوں میں صرف ایک کھانا اور ایک میٹھا سربراہ کیا جاتا ہے خواہ دعوت کسی بھی برادری کی ہو’ لیکن تلنگانہ خصوصاً حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر اسراف ہوتا ہے ۔ صدر نشین سیٹ ون جناب میر عنایت علی باقری نے کہا کہ دعوتوں اور ہوٹلوں میں راتوں کو جو کھانا بچ جاتاہے اس کی تقسیم مشکل ہے اس لئے ایک فوڈ بینک بنایا جائے جہاں ڈیپ فریزر اور اوون کا انتظام کیا جائے ۔ صبح میں یہ کھانا گرم کرکے گرمام گرم غریبوں کو سپلائی کیا جائے ۔ جس کے پاس فاضل کپڑے ہوں و ہ فاضل کپڑے جمع کروائیں اور جس کے پاس کپڑے نہ ہوں وہ یہاں سے لے جائیں۔ انہوں نے اس کاز کے لئے اپنی طرف سے پانچ ہزار روپئے کا اعلان کیا۔ ان کی اپیل پر اجلاس میں موجود افراد نے بھی عطیات جمع کروائے ۔تنظیم کے فاؤنڈر اور جنرل سکریٹری نے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کیے ۔