اولیائے طلبہ میں تشویش، پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کی سائیٹ آخر بند کیوں ؟
حیدرآباد۔/24ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ کے آن لائن ادخال کی آخری تاریخ 20ستمبر مقرر کی گئی تھی۔ ہزاروں طلباء و طالبات نے آن لائن فارمس داخل کئے جبکہ اسکولس کی جانب سے طلبہ کی ان درخواستوں کی آندھرا پردیش اسٹیٹ میناریٹی فینانس کارپوریشن حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے دفتر میں داخل کرتے ہوئے 25 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ۔ دلچسپی اور حیرت کی بات یہ ہے کہ 23ستمبر سے اسکولوں کیلئے دسہرہ کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ ایسے میں اولیائے طلباء میں ان فارمس کے ادخال کے تعلق سے بے چینی پائی جاتی ہے۔ اولیائے طلباء کا کہنا ہے کہ چونکہ اسکولس کیلئے تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ان حالات میں ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ڈسٹرکٹ حیدرآباد کے حکام ایسے اقدامات کریں جس سے مابعد تعطیلات فارمس داخل کرنے میں آسانی ہو۔ دوسری جانب مرکزی حکومت کی پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کی سائٹ کھل ہی نہیں رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت آن لائن فارمس داخل کرنے کی تاریخ 7اکٹوبر مقرر کی گئی ہے۔ سیاست ہیلپ لائن نے اعلیٰ حکام سے بات کی جس پر پتہ چلا کہ فنی وجوہات کے باعث سائیٹ نہیں کھل پارہی ہے۔ پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کیلئے فارمس کے آن لائن درخواست کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی لیکن فنی وجوہات کے باعث 7اکٹوبر تک توسیع کی گئی ہے۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ انکم سرٹیفکیٹس بھی طلب کئے جارہے ہیں حالانکہ انکم ڈکلریشن داخل کرنے کے بعد انکم سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہی نہیں ہوتی۔