دسہرہ : کولکتہ کے ایک پنڈال میں تھری ڈی درگا پوجا

کولکتہ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ میں دسہرہ کے موقع پر درگا پوجا کا اہتمام انتہائی اعلیٰ پیمانے پر کیا جاتا ہے اب جبکہ سائنس اور ٹیکنالوجی نے انتہائی ترقی کرلی ہے وہیں جاریہ سال درگا ماتا کے ایک پنڈال میں اُن کی تھری ڈی ڈیجیٹل شبیہہ پیش کی جارہی ہے جس کا رقبہ 6×14 بتایا گیا ہے اور اس کی نمائش جودھپور پارک پوجا منڈل میں کی جائے گی۔ جہاں ہر سال کوئی نہ کوئی منفرد کارنامہ انجام دیا جاتا ہے۔ ڈیجیٹل شبیہہ پیش کرنے کے لئے جس کمپنی سے معاہدہ کیا گیا ہے، اُس کے مالک اُجّل مترا نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ درگا ماتا کی مورتی دراصل کمپیوٹر گرافک ڈیزائن کی مرہون منت ہے۔ شبیہہ کو مؤثر بنانے کے لئے A4 اسٹینڈرڈ پیپر کی ہزاروں کی تعداد میں استعمال کیا گیا ہے۔ درگا ماتا کی شبیہہ کو دیکھنے کے لئے بھکتوں کو خصوصی تھری ڈی عینک لگانے کی ضرورت نہیں ہے جیسا کہ سنیما ہالس میں تھری ڈی فلمیں دیکھتے وقت اُن کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا ایک فائدہ یہ ہے کہ ڈیزائن کو اُس کے منسلکات کے ساتھ میل کیا جاسکتا ہے جس کی بعدازاں دنیا کے کسی بھی حصہ میں نقل حاصل کی جاسکتی ہے۔ یاد رہے کہ جس طرح ملک کی بعض ریاستوں میں خصوصاً مہاراشٹرا، تلنگانہ و آندھراپردیش میں گنیش اُتسو انتہائی شاندار پیمانے پر منایا جاتا ہے بالکل وہی حیثیت مغربی بنگال میں درگا پوجا کو حاصل ہے۔ ویسے بھی عام طور پر ممبئی کی دیوالی، میسور کا دسہرہ اور کولکتہ کی درگا پوجا تاریخی حیثیت کے حامل ہیں۔ ان میں کچھ مسلم تہوار بھی ہیں جیسے محرم الحرام کا یوم عاشورہ جسے حیدرآباد میں تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔