ایس سی آر سے خصوصی ٹرینوں کا عدم اعلان،عوام پر مالی بوجھ
حیدرآباد۔/7اکٹوبر، ( سیاست نیوز) دسہرہ اور دیوالی کی تعطیلات میں آبائی مقامات کو جانے والے مسافرین کو امسال بھی شدید مشکلات سے چھٹکارا ناممکن دکھائی دے رہا ہے کیونکہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے عام اور تہواروں کی تعطیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ماہ یا کم از کم 15 دن قبل خصوصی ٹرینوں کا اعلان تاحال نہیں کیا ہے جبکہ ماضی میں قبل ازیں ایسا اعلان کیا جاتا تھا جبکہ صرف ایک دو روٹ پر مسافرین کی تعداد کی مناسبت سے بھاری ٹکٹ وصول کرنے والی ریلوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ مگر اکثر روٹ کی ایکسپریس اور پاسنجرس خصوصی ریلوں کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ حالانکہ حیدرآباد اور سکندرآباد سے روزانہ کی بنیادوں پر چلائی جانے والی تمام ریلوں میں ویٹنگ لسٹ سینکڑوں تک پہنچ گئی ہے۔ یعنی اے سی اور نان اے سی تمام برتھ بک کرلئے گئے ہیں۔ ان حالات میں خصوصی ریلوں کے اعلان اور روزانہ کی ریلوں میں بوگیوں کے اضافہ کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔ مگر تاحال ریلوے عہدیداروں نے اس جانب توجہ نہیں دی ہے جبکہ ٹی ایس ایس آر ٹی سی نے دسہرہ کی تعطیلات کی مناسبت سے 4 ہزار سے زائد خصوصی بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی دور دراز علاقوں کو جانے والی وبسوں میں عام ٹکٹ چارجس سے نصف زائد چارجس وصول کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقات پر بھاری بوجھ عائد ہورہا ہے۔ عام دنوں میں دونوں شہر حیدرآباد و سکندرآباد روزانہ 2.5 لاکھ مسافرین سفر کیا کرتے ہیں جبکہ تعطیلات کے موقع پر 2.5 تا 3.5 لاکھ مسافرین سفر کرتے ہیں۔ حیدرآباد سے وجئے واڑہ، وشاکھاپٹنم، کاکیناڈا، بنگلور، تروپتی اور ممبئی کی روٹس پر مسافرین کی تعداد لاکھوں میں پہنچ جاتی ہے۔