دسویں جماعت و انٹر میڈیٹ امتحان کیلئے جامع انتظامات

ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کی کلکٹرس و دیگر حکام کیساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/28فبروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے سکریٹریٹ میں اضلاع کلکٹرس، ایس پیز اور ڈی ای اوز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے دسویں جماعت اور انٹر میڈیٹ امتحانات کے انعقاد کا جائزہ لیا۔ کسی کوتاہی اور غفلت کے بغیر امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے امتحانی مراکز کے پاس پولیس کا خصوصی بندوبست کرنے امتحانی مراکز میں طلبہ کو سیل فون لیجانے کی اجازت نہ دینے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے طلبہ کو امتحانی مراکز پہنچنے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے اور ضرورت پڑنے پر ہیلپ ڈیسک قائم کرنے دوردراز و ایجنسی علاقوں کے امتحانی مراکز میں پولییس کا بندوبست کرنے ، موسم گرما کے پیش نظر امتحانی مراکز میں پینے کے پانی کا انتظام کرنے، سوالات کے پرچے اور جوابات کے پرچے مراکز سے منتقل کرتے وقت پولیس اسکارٹس کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ امتحانی مراکز کے پاس طبی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ امتحانات کے انعقاد کے دوران مراکز کے آس پاس موجود تمام زیراکس سنٹرس کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے۔ امتحانات کے انعقاد کیلئے احتیاطی اقدامات کرنے کی سکریٹری انٹر بورڈ اشوک کمار، ڈائرکٹر محکمہ تعلیم کشن، انسپکٹر جنرل شیکھا گوئیل نے کلکٹرس، ایس پیز، ڈی ای اوز کو خصوصی ہدایتیں دی۔ اس ویڈیو کانفرنس میں محکمہ تعلیم، محکمہ پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے علاوہ دیگرمحکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔