سیما آندھرا کے 8 اور حیدرآباد کے 6 ادارے شامل ، علاقہ واریت سے بالاتر ، شیخ محمد اقبال کی وضاحت
حیدرآباد۔/8مئی، ( سیاست نیوز) اسپیشل آفیسر وقف بورڈ شیخ محمد اقبال نے ڈسمبر 2013 تا 7مئی 2014ء تک وقف قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات جاری کی ہیں تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ انہوں نے علاقہ واریت سے بالاتر ہوکر کارروائی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مدت کے دوران جملہ 14اداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے متولیوں کو معطل کیا گیا، ان میں 8اداروں کا تعلق سیما آندھرا سے ہے جبکہ 6ادارے حیدرآباد سے تعلق رکھتے ہیں۔ سیما آندھرا کے اداروں میں جامع مسجد اونگول، درگاہ حضرت بابا فخر الدین ؒ پینو کونڈہ ضلع اننت پور، درگاہ حضرت خواجہ پیر اللہ محمدالحسینی ؒ المعروف آستانہ مخدوم الٰہی کڑپہ، انجمن اسلامیہ کرنول، درگاہ حضرت حاجی ولی ؒ تاڑپتڑی اننت پور، درگاہ حضرت قادر لنگا کرنول، درگاہ حضرت سید باجی شہید اولیاء گنٹور اور درگاہ حضرت شیخ شاہ ولیؒ و شاہ شاہ ولی ؒ ایلارتی کرنول شامل ہیں۔حیدرآباد کے اداروں میں مجلس شوریٰ دستی پارچہ بافی حرمین شریفین نامپلی، درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی، بنڈی بالیا کمپاؤنڈ المعروف شرف الدین چیاریٹبل ٹرسٹ چراغ علی لین، درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ صاحب ؒ آغا پورہ، بارگاہ حضرت عباس دیوان دیوڑھی اور درگاہ حضرت شاہ خاموشؒ نامپلی شامل ہیں۔