دستور کی دفعہ ۔35A کو چیلنج کرنے والی درخواستوں

کے خلاف وادی کشمیر میں احتجاج جاری
سرینگر ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شہری معاشرہ کی تنظیموں، تاجر برادری، تجارتی اداروں نے سپریم کورٹ میں دستورکی دفعہ 35A کو چیلنج کرنے والی درخواستیں داخل کرنے کے خلاف احتجاج آج بھی جاری رکھا۔ 1954ء میں ایک صدارتی حکمنامہ کے ذریعہ دستور میں دفعہ 35A کا اضافہ کیا گیا تھا جو جموں و کشمیر کے شہریوں کو خصوصی حقوق و مراعات عطا کرتا ہے اور ایسی خواتین کو جس نے ریاست سے باہر کے کسی شخص سے شادی کی ہو، جائیداد کے حق سے محروم کردیتا ہے۔ جموں و کشمیر ٹریڈ یونین کے تقریباً 200 ارکان نے پھلوں کی منڈی شہر کے مضافات میں پرامن دھرنا دیا۔ شہری معاشرہ کے ارکان بشمول اقلیتی طبقہ کشمیری پنڈتوں نے بعد میں قلب شہر کے پرتاپ پارک میں دھرنا دیا۔ 5 تا 6 اگست علحدگی پسندوں نے بند کی اپیل کی ہے۔ بعدازاں تاجر طبقہ نے ایک احتجاجی جلوس شہر خاص علاقہ میں نکالا۔