دستور کی بنیادی اقدار کے تحفظ کی جدوجہد ضروری

نئی دہلی۔ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بھارت رتن ایوارڈ کیلئے اپنے نام کے اعلان سے ایک دن بعد سابق صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ابنائے وطن پر زور دیا کہ دستور ہند کی اقدار انصاف، آزادی، مساوات اور خیرسگالی کی سرفرازی کیلئے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کیلئے یہ انتہائی فخر کی بات ہے کہ وہ ہندوستانی شہری ہے۔ انہوں نے وسطی دہلی کی اپنی قیام گاہ پر ترنگا لہرایا اور سی آر پی ایف کے ارکان عملہ کی سلامی لی جو ان کی قیام گاہ پر تعینات کیا گیا ہے۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد نے اب تک ہماری رہنمائی کی ہے۔ ہمیں اس جوش و جذبہ کو مزید آگے بڑھانا چاہئے تاکہ ان کے خوابوں کی تعبیر ’’نیا ہندوستان ‘‘ تعمیر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک پرچم اور ایک دستور ہے ۔ ہمیں اپنی روزانہ زندگی دستور ہند کے مطابق ہی بسر کرنی چاہئے۔ 26 جنوری 1950ء جو دستور مدون کیا گیا تھا ، یہ ہمارے باہمی اختلافات بھول جانے کی تلقین کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دستور کے راستے پر چلنے کیلئے اپنے آپ کو وقف کردینا چاہئے تاکہ ایک پرامن سماجی و معاشی اعتبار سے خوشحال ہندوستان کی تعمیر کرسکیں۔ حکومت نے جمعہ کے دن پرنب مکرجی کو ملک کے اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ’’بھارت رتن ‘‘ کے مستحق ہونے کا اعلان کیا تھا۔