دستور سے الفاظ’ سیکولر‘ اور ’سوشلسٹ‘حذف کرنیکا مطالبہ

ممبئی۔28جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات کے یوم جمہوریہ کے اشتہار میں الفاظ سیکولر اور سوشلسٹ حذف کرنے پر تنازعہ کے درمیان شیوسینا نے آج مطالبہ کیا کہ دستور کے دیباچہ سے یہ الفاظ کردیئے جائیں اور اشتہار سے ان الفاظ کے حذف کرنے کا خیرمقدم کیا ۔ شیوسینا قائد سنجے راوت نے کہا کہ دستور میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا گیا ہے کہ ہندوؤں اور مسلمانوں سے ایک جیسا سلوک کیا جائے جس کا مقصد ووٹوں کا حصول ہو۔ کل کانگریس قائد منیش تیواری نے اس مسئلہ پر مرکز پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری اشتہار میں ان دو الفاظ کا حذف کیا جانا فرقہ پرستی اور کارپوریٹ کو متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش ہے ۔ این سی پی نے کہا تھا کہ بی جے پی صرف ایک ہندو ملک چاہتی ہے ۔ یہ سوشلسٹ اور سیکولر مملکت نہیں چاہتی ۔ وہ ایک سرمایہ دار ہندو مملکت چاہتے ہیں ۔ این سی پی قائد نواب ملک نے وزارت اطلاعات و نشریات کے اشتہار پر تنقید کرتے ہوئے یہ بات کہی تھی ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات راج وردھن راتھوڑ نے تاہم فوری طور پر اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت میں دستور کے دیباچہ کی ’’اصل ‘‘ تصویر استعمال کی ہے ۔