در اندازی روکنے متبادل اقدام کیلئے حکومت تیار: وزیر داخلہ

جموں 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ در اندازی روکنے کیلئے پڑوسیوں کے مذاکرات کے اگر ثمر آور نتائج برآمد نہیں ہوئے تو ہندوستان متبادل اقدامات پر غور کریگا ۔ راج ناتھ سنگھ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے ریاست کے ایک روزہ دورہ پر آئے ہوئے ہیں ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ چین کی جانب سے لیہہ میں جو مداخلتیں کی جا رہی ہیں ان پر کیا کچھ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے جواب دیا کہ در اندازی پہلے بھی ہوتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان اپنی سرحدات کی حفاظت کر رہے ہیں اور چوکسی میں کسی طرح کی کمی نہیں ہوگی ۔ حکومت چاہتی ہے کہ پڑوسیوں کے ساتھ تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعہ حل کیا جائے لیکن اگر وہ ( پڑوسی ممالک ) مذاکرات میں یقین نہیں رکھیں تو پھر متبادل اقدام کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کسی بھی پڑوسی ملک کا نام نہیں لیا ۔ جموں و کشمیر میں حالیہ دنوں میں پاکستان اور کشمیر سے در اندازی کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

پاکستان سے بات چیت کے مسئلہ پر مرکز ۔ ریاست تعلقات میں کشیدگی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی طرح کی کشیدگی نہیں ہے اور مرکز ۔ ریاست کے تعلقات خوشگوار ہیں۔ حال ہی میں چینی فوج کے ارکان ہندوستانی سرحدات میں دو مقامات پر گھس آئے تھے اور انہوں نے اس علاقہ کو چینی علاقہ قرار دیا تھا ۔ انہیں تاہم ہندوستانی فوج نے روک دیا تھا ۔ تقریبا نصف گھنٹے کی تکرار کے بعد چینی فوج کے ارکان وہاں سے واپس ہوگئے تھے ۔تاہم وہاں انہوں نے کچھ ڈرلس ضرور کئے تھے ۔