حیدرآباد ۔ 18 جون (آئی این این) نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے چہارشنبہ کو ہماچل پردیش کے علاقہ منڈی کے قریب دریا بیاس سے حیدرآباد کے ایک انجینئرنگ کالج کے طلبہ کی مزید دو نعشوں کو نکال لیا۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک نعش کی شناخت ترون کی حیثیت سے کی گئی ہے جو بچو پلی میں واقع وی این آر وگنانا جیوتی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا طالب ہے۔ واضح رہیکہ 8 جون کو لارڈجی ڈیم اچانک پانی چھوڑ دیئے جانے کے سبب انجینئرنگ کے 24 طلبہ دریا میں بہہ گئے تھے۔ ماباقی 14 طلبہ کا پتہ چلانے کیلئے راحت مہم جاری ہے۔ ترون کی نعش توقع ہیکہ جمعرات کو حیدرآباد لائی جائے گی۔