راجمندری ۔ 27 ؍ جولائی ( پی ٹی آئی) مشرقی گوداوری کے ضلع حکام نے آب گیر رقبہ میں موسلادھار بارش سے دریائے گوداوری کے سطح آب میں ہونے والے اضافہ کے پیش نظر مواضعات لنکا میں رہنے والے عوام کو چوکس و خبردار کر دیا ہے ۔ راجمندری کے ریونیو ڈیویژنل آفیسر نن راجو نے اپنے ایک صحافتی اعلامیہ میں کہا کہ دویشورم کے پاس دریائے گوداوری کی سطح آب میں آج دوپہر تک 9 فٹ کا اضافہ ہوا ہے ۔ آب گیر رقبہ میں مسلسل موسلادھار بارش کے نتیجہ میں سطح آب میں خطرناک اضافہ ہو رہا ہے ۔ علاوہ ازیں گوداوری میں چھوٹی دریاوں کے پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ چنانچہ 5.46 لاکھ کیوزیکس پانی سمندر میں چھوڑا گیا ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پانی کے سطح میں اضافہ کے پیش نظر موضع لنکا میں رہنے والے دیہاتیوں کو چوکس کر دیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں بھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں ۔