وجئے واڑہ ۔ 23 ؍فبروری ( پی ٹی آئی) ضلع گنٹور کے وائی کنٹہ پورم کے قریب اتوار کی شام دریائے کرشنا میں تھرمل پاور اسٹیشن کے دو اسسٹنٹ انجنیئرس لاپتہ ہوگئے ۔ ضلع کرشنا کے ابراہیم پٹنم سے یہ دونوں انجنیئرس ایک کشتی کے ذریعہ امراوتی روانہ ہو رہے تھے ۔ حال ہی میں 12 اسسٹنٹ انجنیئرس کا اے پی جنکو اور ٹرانسکو میں تقرر کیا گیا تھا جو وجئے واڑہ کے این تاتا راؤ تھرمل پاور اسٹیشن میں زیر تربیت تھے ۔ واپسی کے دوران چند اسسٹنٹ انجنیئرس پہاڑی علاقہ وائی کنٹہ پورم میں واقع سری وینکٹیشورا سوامی مندر بھی گئے تھے ۔ اس دوران دو اسسٹنٹ انجنیئرس سندیپ سامسن اور پانڈو رنگاراؤ نے مندر میں نہ جانے کی خواہش کی اور دریائے میں تیراکی شروع کر دی اس دوران لہروں میں بہہ گئے ۔ سندیپ سامسن کا تعلق رائلسیما تھرمل پاور اسٹیشن مدنور ضلع کڑپہ سے تھا اور پاونڈ رنگاراؤ وجئے واڑہ کے تاتا راؤ پاور اسٹیشن سے وابستہ تھا ۔ پولیس نے ان دونوں کی نعشوں کی تلاش شروع کر دی ۔ ضلع گنٹور میں امراوتی پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ۔