لکھنو ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ اترپردیش اکھلیش یادو نے آج اس بات کا تیقن دیا کہ دریاؤں کی صفائی کیلئے ریاستی حکومت مرکزی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔ دریائے گومتی میں 35 ویں قومی کشتی رانی مقابلہ کا افتتاح کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ دریاؤں کی صاف صفائی بہت ضروری ہے کیونکہ یہی ہماری ثقافت اور شناخت ہیں اور ان کی صفائی کا مرکزی حکومت نے اگر بیڑہ اٹھایا ہے تو ریاستی حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ زمانہ قدیم میں تجارت آبی راستوں کے ذریعہ کی جاتی تھی ۔ یہ لکھنو شہر کی خوش قسمتی ہے کہ ایک دریا یہاں سے بھی بہتا ہے اور اس کے کنارے پر اہم عمارات واقع ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریاؤں کی صاف صفائی کیلئے ایک علحدہ بجٹ کی ضرورت ہوگی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ وزیراعظم کے ’’سوچھ بھارت ابھیان‘‘ کے تحت صاف صفائی کے پروگرام کے لئے نریندر مودی نے اکھلیش یادو کے علاوہ دیگر آٹھ مشہور ہستیوں کو نامزد کیا ہے ۔ دریں اثناء اکھلیش نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت کھیل کود سے وابستہ اتھلیٹس کو ان کی کارکردگی پر ایوارڈس سے نوازتی آئی ہے ۔ انہوں نے ان الزامات کو یکسر مسترد کردیا کہ ایس پی حکومت صرف پہلوانوں کو انعام دیتی ہے۔