گزٹ میں تبدیلی کیلئے کمشنر پرنٹنگ کو شاہنواز قاسم کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے درگاہ حضرت میر محمود پہاڑیؒ کے تحت ملکاجگیری ضلع میڑچل کے تحت واقع اراضی کے تحفظ کیلئے کمشنر پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ درگاہ کی 4 ایکر 5 گنٹے اراضی کو غیر اوقافی قرار دیتے ہوئے این او سی جاری کیا گیا تھا جس کی بنیاد پر کمشنر پرنٹنگ اسٹیشنری نے 17 اگست 2017 ء کو گزٹ نوٹیفکیشن میں ترمیم کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ جعلی این او سی کی اجرائی کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد وقف بورڈ نے اس معاملہ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا اور کمشنر پرنٹنگ اسٹیشنری کو نیا گزٹ جاری کرنے کیلئے نمائندگی کی ذمہ داری اس وقت کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ کے فیصلہ کے باوجود گزٹ نوٹیفکیشن میں تبدیلی کی کوئی مساعی نہیں کی گئی اور وقف بورڈ کی جانب سے کمشنر پرنٹنگ اسٹیشنری کو کوئی دستاویزات پیش نہیں کئے ۔ گزشتہ ماہ یہ معاملہ دوبارہ منظر عام پر آنے کے بعد ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و انچارج سی ای او شاہنواز قاسم نے کمشنر پرنٹنگ اسٹیشنری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے گزٹ میں تبدیلی کی خواہش کی ہے۔ سروے نمبرات 661 ، 662 اور 663/1 کے تحت موجود 4 ایکر 5 گنٹے اراضی کو اوقافی قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن کی تیاری کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر پرنٹنگ اسٹیشنری کی جانب سے جلد ہی ترمیم شدہ گزٹ نوٹیفکیشن وقف بورڈ کو روانہ کردیا جائے گا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و انچارج سی ای او نے سکریٹری اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس معاملہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے۔ این او سی کی اجرائی معاملہ میں سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا اور حکومت کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے ۔ تاہم ابھی تک اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کی جا نب سے سی بی سی آئی ڈی کی خصوصی ٹیم تشکیل نہیں دی گئی۔