حیدرآباد ۔ 8 فبروری (سیاست نیوز) ملکاجگری سرکل جی ایچ ایم سی حدود میں درگاہ مولا علی کی سیڑھیوں کی اونچائی سے زائرین کو راحت دینے کی غرض سے تعمیر کئے جانے والے سی سی روڈ ریمپ کا آج میر محمد ماجد حسین نے سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر میئر نے بتایا کہ یہ کام 6 تا 7 ماہ کے اندر تکمیل کرلیا جائے گا جبکہ یہ موجودہ طور پر ٹنڈر مراحل میں ہے۔ رکن اسمبلی ملکاجگری اے راجندر نے کہا کہ زائرین اس سہولت کیلئے میئر حیدرآباد کے شکرگذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے لوگ درگاہ مولاعلی پر عقیدت کے ساتھ آتے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار نے کہا کہ جی ایچ ایم سی نے زائرین کی سہولت کی خاطر یہاں سی سی روڈ ریمپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریمپ سی سی روڈ کی شکل میں تقریباً تین سو میٹرس ہوگا جس کی چوڑائی 6 میٹر ہوگی اور اطراف مناسب دیوار ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پہاڑ کے زیادہ ڈھلان کے سبب یہاں سی سی روڈ ریمپ تعمیر کیا جانا مناسب تھا۔ جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی نے قبل ازیں اس کام کیلئے 168.32 لاکھ روپئے منظور کئے تھے۔ کوہ مولا علی عاشورخانہ کی تعمیر 1578 ابراہیم قطب شاہ کے عہد میں عمل میں آئی۔ یہاں سی سی روڈ ریمپ پارکنگ سہولت کے ساتھ تعمیر کی جارہی ہے۔