غیر مجاز قابضین کی غیر مجاز تعمیرات جاری ، سکریٹری اقلیتی بہبود کا پولیس کو مکتوب
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے ضلع رنگاریڈی کے نیک نام پورہ موضع میں واقع درگاہ حضرت سید روح اللہ عبدالرحمن خان ؒ کی اوقافی اراضی اور قبرستان کے تحفظ کیلئے کمشنر پولیس سائبرآباد سے نمائندگی کی ہے۔ غیر مجاز قابضین کی جانب سے اوقافی اراضی پر نہ صرف ناجائز تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے بلکہ قبور کو مسمار کرنے کی بھی شکایات ملی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اس سلسلہ میں کمشنر سائبرآباد سندیپ شنڈلیہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں پر فوری روک لگانے کی درخواست کی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ درگاہ حضرت سید روح اللہ عبدالرحمن خان کے تحت سروے نمبر 31 میں 13 ایکر 26 گنٹے اراضی موجود ہے۔ اس اراضی میں قبرستان بھی شامل ہے۔ گزٹ نمبر 31 مورخہ 4 اگسٹ 2005 میں بحیثیت اوقافی اراضی یہ درج ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کو شکایت موصول ہوئی ہے کہ اس اراضی پر کئی غیر مجاز قبضے ہوچکے ہیں اور قبرستان پر بھی تعمیرات جاری ہیں۔ قبروں کو مسمار کرتے ہوئے ان کے نشانات کو مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے بتایا کہ ان سرگرمیوں کیلئے سبا راؤ نامی شخص ذمہ دار ہے اور وہ پٹے جات کے الاٹمنٹ کے عنوان سے یہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ 2006 میں یہ اراضی کے پٹے حوالے کئے گئے تھے۔ ضلع کلکٹر رنگاریڈی سے خواہش کی گئی ہے کہ 2006 میں اوقافی اراضی کے جاری کردہ پٹہ جات کو فوری منسوخ کیا جائے ۔ اس کے علاوہ مذکورہ شخص کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی۔کمشنر سائبرآباد سے درخواست کی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ پولیس عہدیداروں کو ہدایات جاری کریں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو فوری روکا جاسکے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو بھی ان واقعات سے آگاہ کیا ہے اور ڈسٹرکٹ ریونیو عہدیداروں کو ضروری ہدایات دینے کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ریونیو حکام کی فوری کارروائی کے ذریعہ اس اوقافی اراضی کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔