درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کیلئے ترقیاتی منصوبہ کی تیاری

پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کے عہدیدار کی خدمات حاصل

حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ ضلع رنگاریڈی میں ترقیاتی کاموں کیلئے قائم کردہ خصوصی منیجنگ کمیٹی میں منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ پولیس ہاوزنگ کارپوریشن کو بحیثیت رکن شامل کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی منصوبہ کا اعلان کیا تھا جس کے تحت زائرین کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی ، کاٹیجس کی تعمیر، گیسٹ ہاوز، سڑکوں، ڈرینج، لائٹنگ، نیاز خانہ ، پارکنگ، ٹائیلٹس، سلاٹر ہاوز اور دیگر ضرورتوں کی تکمیل کا فیصلہ کیا گیا۔ مذکورہ کاموں کی تکمیل کیلئے عہدیداروں پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے پولیس ہاوزنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے ابتداء میں 50 کروڑ کی لاگت سے ترقیاتی منصوبہ تیار کیا۔ حکومت کے مشیر اے کے خاں اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے درگاہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد حکومت کو رپورٹ پیش کی جس میں بتایا جاتا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ کی لاگت میں اضافہ کی تجویز پیش کی گئی۔ تعمیری کاموں میں تعاون حاصل کرنے کیلئے منیجنگ ڈائرکٹر پولیس ہاوزنگ کارپوریشن کو کمیٹی شامل کیا گیا ہے۔ حکومت درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کو اہم سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
توقع ہے کہ بہت جلد ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی اور کاموں کی تکمیل کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔