درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کو اہم سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ

اے کے خاں اور شاہنواز قاسم کا دورہ ، مختلف پراجکٹس کیلئے اراضی کی نشاندہی
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی اور اسے ایک اہم سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے جامع منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے آج ریونیو اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ہمراہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے منصوبہ کی تیاری کے سلسلہ میں موجود اراضی کی حدبندی کا جائزہ لیا ۔ درگاہ کے اطر اف و اکناف تقریباً 48 ایکر اوقافی اراضی موجود ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید سرکاری اراضی حاصل کرتے ہوئے ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا ۔ وقف اور ریونیو حکام نے اراضی کی حدبندی اور دیگر تفصیلات سے واقف کرایا جس کے تحت ماسٹر پلان میں شامل مختلف تعمیرات انجام دی جاسکیں گی۔ معائنہ کے بعد ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے بتایا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کا جو منصوبہ ہے ، اس کے تحت دور دراز کے علاقوں سے درگاہ شریف کا نظارہ کیا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں 50 کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ تاہم ماسٹر پلان کی تیاری کے بعد بجٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ زائرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے کاٹیجس کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ اس کے علاوہ اہم شخصیتوں کے لئے گیسٹ ہاؤز اور خصوصی کاٹیجس تعمیر کئے جائیں گے۔ نیاز خانہ ، سماں خانہ ، چھوٹے دکانات ، ٹائلٹس، ریکریشن پارک، بسوں اور کاروں کیلئے پارکنگ کی معقول سہولت اور درگاہ شریف جانے والی سڑک کی تعمیر منصوبہ میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ شریف کی تعمیر اور تزئین نو کا کام انجام دیا جائے گا تاکہ دور سے درگاہ شریف کی گنبد کا نظارہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ شریف کے قریب واقع مسجد کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اندرون 10 یوم ماہر آرکیٹکٹ اور انجنیئرس کے ذریعہ ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی منظوری کے بعد تعمیری کام کا آغاز ہوگا اور مقررہ مدت میں کام کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ جو تلنگانہ کی اہم درگاہوں میں شمار کی جاتی ہے، چیف منسٹر اس کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے منت کی تکمیل کے موقع پر درگاہ شریف کو ترقی دینے کا اعلان کیا تھا ۔