درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ سے رقم وصول کرنے والے ملازم وقف بورڈ کیخلاف مقدمہ

حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) اسپیشل آفیسر وقف بورڈ شیخ محمد اقبال آئی پی ایس نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے تین ملازمین کو 4.8 لاکھ روپئے کی دھوکہ دہی کے ذمہ دار انیس الغرباء کے ملازم عظیم کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔ انیس الغرباء کا ایک ملازم عظیم تعیناتی پر فی الحال وقف بورڈ میں کام کررہا ہے۔ اُس نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ایک کلرک اور دو اٹنڈرس کو پے ریویژن کمیشن پر عمل آوری کا لالچ دے کر فی کس ایک لاکھ 60 ہزار روپئے ہڑپ لیا تھا۔ عظیم نے ڈسمبر 2013 ء میں وقف بورڈ کی میعاد کے اختتام سے قبل یہ رقم حاصل کیا تھا۔ تینوں متاثرہ ملازمین تحریری شکایت کے ساتھ آج شیخ محمد اقبال سے رجوع ہوئے اور آہ و زاری کرتے ہوئے کہاکہ اُنھوں نے قرض لے کر اور بیٹی کی شادی کو روک کر اس کو رقم دی تھی۔ عظیم رقم وصول کرنے کا اعتراف بھی کرلیا۔ سی ای او وقف بورڈ ایم اے حمید کو اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔