صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا کل دورہ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ پہاڑی شریف کی اوقافی اراضی پر ناجائز قبضوں کا جائزہ لینے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم چہارشنبہ کو اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ پہاڑی شریف کا دورہ کریں گے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کے علاوہ کمشنر سائبر آباد کلکٹر اور دیگر ریونیو حکام اس دورہ میں شامل رہیں گے ۔ محمد سلیم دورہ کا آغاز درگاہ شریف میں حاضری سے کریں گے جس کے بعد اطراف و اکناف کی اراضیات کا معائنہ کیا جائے گا ۔ درگاہ کے تحت 2400 ایکر سے زائد اراضی موجود ہے جس میں بیشتر حصہ پر ناجائز قبضے ہے ۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ بھی وقف اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے۔ محمد سلیم جی ایم آر کے قبضہ میں موجود اراضی کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ معائنہ کے بعد حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی تاکہ اوقافی اراضی وقف بورڈ کے حوالے کی جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں اوقافی اراضی وقف بورڈ کے حوالے کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ غیر مجاز قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جس کے لئے ماہرین قانون پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جاسکتی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ درگاہ بابا شرف الدینؒ کی اراضی کو ڈیولپ کرتے ہوئے بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں موجود اوقافی اراضی کا وہ وقفہ وقفہ سے دورہ کرتے ہوئے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کے سلسلہ میں سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ شہر کی کئی اہم جائیدادوںکے تحفظ میں وقف بورڈ کو کامیابی حاصل ہوئی ۔