درگاہ اجمیر شریف کے انتظامات، یادداشت ِمفاہمت پر دستخط

۔5.68 کروڑ روپئے کے مصارف سے صفائی ، آہک پاشی کے 3 پراجیکٹس
جئے پور۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کی اجمیر شریف میں واقع درگاہ کے انتظامات اور اطراف کے علاقہ کی صفائی کے مقصد سے 5.68 کروڑ روپئے صرف کرنے ہندوستان زنک نے اس درگاہ کو انتظامی کمیٹی اور اجمیر میونسپل کارپوریشن کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کیا ہے۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی کی موجودگی میں اجمیر کے کیاڈ وشرام اِستھلی پر ہفتہ کو اس یادداشت مفاہمت پر دستخط کی گئی۔ اس کمیٹی کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’سوچھ بھارت اسکیم (ایس بی ایس) کے تحت درگاہ اجمیر شریف کو ہندوستان میں صفائی کا ایک منفرد مقام بنانے کیلئے ہندوستان زنک نے حکومت ہند کے ساتھ دست ِ تعاون دراز کیا ہے‘‘۔ کمیٹی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تین مرحلوں میں اس پراجیکٹ کی تکمیل کی جائے گی۔ پہلے مرحلے کے تحت 5.68 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے ذریعہ پھولوں کی کمپوسٹ (کھاد) بنانے والی دو مشینس لگائی جائیں گی۔ فرش کی دوبارہ مرمت کی جائے گی۔ علاوہ ازیں برقی و آبرسانی کیلئے زیرزمین پائپ بچھائے جائیں گے۔ فرش کی صفائی عمل میں لائی جائے گی۔ نظام گیٹ کا تحفظ کیا جائے گا اور شاہجہانی گیٹ کی مرمت و آہک پاشی کی جائے گی۔