اجمیر شریف 21 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر بنگلہ دیش عبدالمحمد حامد نے آج درگاہ حضرت اجمیر شریفؒ پر حاضری دی لیکن اُن کے استقبال کے بعد نذرانہ قبول کرنے کے مسئلہ پر درگاہ کمیٹی اور انجمن خدام کے مابین تنازعہ کھڑا ہوگیا ۔ جناب حامد حاضری کے بعد درگاہ شریف سے باہر آئے اور ایک عہدیدار بھیج کر صدر درگاہ کمیٹی اسرار احمد خاں کو باب الداخلہ کے باہر طلب کیا ۔ وہاں انہوں نے نذرانہ کے طور پر ایک بند لفافہ حوالے کیا ۔ اس کے فوری بعد جب وی آئی پی قافلہ یہاں سے روانہ ہورہا تھا انجمن خدام اور اس کے سکریٹری واحد انگار شاہ نے لفافہ لینے پر اسرار احمد خاں کی طرف زور سے چیخ و پکار شروع کی ۔ انہوں نے کہا کہ نذرانہ کا حق صرف خدام کو ہے، درگاہ کمیٹی کو نہیں۔ تقریبا 20 سے زائد خدام نے اسرار احمد خاں کا گھیراو کیا اور نذرانہ انہیں حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جس پر اسرار احمد خاں نے یہ لفافہ انگار شاہ کے حوالے کردیا ۔ بعدازاں صدر درگاہ کمیٹی اسرار احمد خاں نے بتایا کہ صدر بنگلہ دیش کے وفد میں شامل ایک رکن نے انہیں طلب کرتے ہوئے درگاہ کے احاطہ میں ترقی و تزئین کے مقصد سے یہ نذرانہ حوالہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم صرف کمیٹی کو ملنی چاہئے کیونکہ درگاہ کے احاطہ میں دیئے جانے والے نذرانہ پر انجمن خدام کا حق ہے ۔ یہ لفافہ درگاہ کے باہر اور خاص طور پر درگاہ کمیٹی کے حوالے کیا گیا۔ دوسری طرف انجمن خدام کے سکریٹری انگار شاہ نے کہا کہ نذرانہ پر صرف خدام کا حق ہے ۔